کامران خان ٹیسوری

حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن کے وفد کی گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ملاقات

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبد الرحمان راجپوت کی سربراہی میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں انکروچمنٹ، بجلی، پانی اور سیکیورٹی سمیت اہم مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وفد نے گورنر سندھ کو حالیہ بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات، کاروباری سرگرمیوں کی بندش اور صنعتی مشکلات سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ حیدرآباد سائٹ ایریا میں بگڑتے ہوئے انفراسٹرکچر کے باعث اب تک 150 صنعتیں بند ہوچکی ہیں، جس سے نہ صرف معیشت بلکہ ہزاروں مزدوروں کا روزگار بھی متاثر ہوا ہے۔چیئرمین سائٹ ایسوسی ایشن نے کہا کہ اربوں روپے ٹیکس دینے والے سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کا کوئی پرسانِ حال نہیں، صنعتکار اور تاجر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے حیدرآباد کی ڈویڑنل و ضلعی انتظامیہ اور ایم ڈی سائٹ سے فوری رابطہ کیا اور متعلقہ حکام کو کاروباری برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے صنعتکاروں کو مکمل تعاون اور مسائل کے جلد از جلد حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تاجر اور صنعتکار ملکی معیشت کی ترقی و استحکام کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔