سندھ ہائیکورٹ

حیدرآباد ، قاسم چوک بس اسٹینڈ ،سندھ ہائی کورٹ نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے ٹینڈرحاصل کرنیوالی کمپنی کوکام کی اجازت دیدی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے حیدرآباد میں قاسم چوک بس اسٹینڈ کا ٹینڈرہونے کے باوجود ٹرمینل پرآپریشن کی اجازت نہ دینے کیخلاف درخواست پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے ٹینڈرحاصل کرنیوالی کمپنی کوکام کی اجازت دیدی۔

سندھ ہائی کورٹ حیدآباد بینچ میں حیدرآباد میں قاسم چوک بس اسٹینڈ کا ٹینڈرہونے کے باوجود ٹرمینل پرآپریشن کی اجازت نہ دینے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی ۔درخواست میں ٹرانسپورٹ اتھارٹی سمیت کنٹونمنٹ بورڈ اوردیگرکوفریق بنایا گیا ہے ۔درخواست گزار کے وکیل صولت رضوی نے موقف اختیار کیا کہ فروری 2025 سے کام کاآغازکیا لیکن اچانک انتظامیہ کی جانب سے کام کرنے سے روک دیاگیا ۔

قانونی تقاضوں کوپوراکرکے ٹینڈرحاصل کیا گیا۔عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ کیا وجوہات ہیں جس کی بناپرانتظامیہ نے کام سے روک رکھا ہے۔سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ ہم اس بات کویقینی بنانا چاہتے ہیں کہ آپریشن کے دوران تمام ایس اوپیزکومد نظررکھا جائے۔ٹریفک جام کے مسائل اورپارکنگ ایشوزپرٹینڈرحاصل کرنیوالے کمپنی کی جانب سے یقین دہانی کرادی گئی۔

عدالت نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے ٹینڈرحاصل کرنیوالی کمپنی کوکام کی اجازت دیدی۔عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ تمام ایس اوپیزپرعمل درآمدکرتے ہوئے بس اڈے پرآپریشن کیا جائے۔متعلقہ اتھارٹیزاورکنٹونمنٹ بورڈاس بات کویقینی بنائیں کہ ٹریفک جام اورپارکنگ کے مسائل نہ ہوں۔