عبدالغفور حیدری

حکومت ہمارے جلسوں میں رکاوٹ ڈال کر تصادم کی طرف جانا چاہتی ہے،عبدالغفور حیدری

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) جمیعت علمائے اسلام (جے یوآئی) ف کے سیکریٹری جنرل عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ حکومت ہمارے جلسوں میں رکاوٹ ڈال کر تصادم کی طرف جانا چاہتی ہے ہم تصادم نہیں چاہتے ، ہمارا راستہ روکا گیا یا سڑکیں بند کی گئی تو وہ وہیں دھرنا دے دیں گے ،

ہفتہ کوپارلیمنٹ لاجز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پشاور جلسے پر پابندی کرونا کی وجہ سے لگا رہی ہے وزیر اعظم نے گلگت بلتستان اور سوات میں جلسے کئے اس وقت کرونا نہیں تھا ؟ پی ڈی ایم کے جلسے سے ہی کورونا پھیلتا ہے ان کاکہناتھا کہ ہمارے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تو وہیں دھرنا شروع کردیں گے حکومت تصادم سے دور رہے ۔

سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا حکومت ہمیں روکنے کیلئے پوری طاقت کا استعمال کررہی ہے جلسہ کرکے دکھائیں گے، پشاور کے بعد ملتان پھر لاہور جلسہ ہوگا جسمیں آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا ۔ مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ اس سلیکٹڈ حکومت کو ہر حال میں گھر بھیجنا ہے حکومت فضا میں ہے۔ اسٹبلشمنٹ لاڈلے سے ہاتھ اٹھا لے تو حکومت ختم ہو جائے گی۔ ماضی کے تمام وزرائے اعظم لاڈلے رہے لیکن یہ سب سے زیادہ لاڈلا ہے۔