علی امین خان گنڈاپور

حکومت گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے، علی امین خان گنڈاپور

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں سیاحت کے شعبے کو اولین ترجیح حاصل ہے اور وزیراعظم عمران خان سیاحت کے حوالے سے ایک خاص وژن رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت اسی وژن کے مطابق سیاحت کی ترقی کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے، وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے شعبے کے حوالے سے بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے جس میں گلگت بلتستان کو ایک خاص مقام حاصل ہے،

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کا شمار دنیا کے خوبصورت ترین علاقوں میں کیا جاتا ہے اور مستقبل قریب میں گلگت بلتستان سیاحت کے حوالے سے پوری دنیا کا مرکز بنے گا، انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں نیشنل پارکس کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے جو گلگت بلتستان میں ماحولیات و جنگلی حیات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سیاحت کی ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا، اس کے علاوہ انفراسٹرکچر کی ترقی، سڑکوں کی تعمیر اور سیاحوں کو رہائش کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے بھی کام جاری ہے، علی امین گنڈاپور نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں ہے جب گلگت بلتستان میں سیاحت کا شعبہ نہ صرف گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کا سبب بننے گا بلکہ پاکستان کی معاشی ترقی میں بھی ایک اہم کردار ادا کرے گا