لاہور (رپورٹنگ آن لائن)گور نرپنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے سواہر کوئی مان رہا ہے ملکی گروتھ 4فیصد ہوچکی ہے ،حکومت کے خاتمے کے خواب دیکھنے والوں کی اپنی سیاست ختم ہو رہی ہے،وزیر اعظم عمران خان کر پشن کے خلاف اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں، شفافیت اور میرٹ سے ہی پاکستان مضبوط، خوشحال اور مستحکم ہوگا ،حکومت نے اپنی کامیاب معاشی پالیسیوں سے ملک کو معاشی میدان میں درست سمت میں ڈال دیا ہے،وفاقی اور صوبائی بجٹ میں بھی عوام کو مزید ریلیف دیا جائے گا۔
وہ یہاں گور نر ہاوس میں تحر یک انصاف کے مر کزی رکن طاہر انجم کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ تحر یک انصاف جب سے اقتدار میں آئی ہے حکومتی مخالفین حکومت کے خاتمے کے دعوے کر رہے ہیں مگر وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحر یک انصاف کی حکومت آج بھی مضبوط اور مستحکم ہے اور اپوزیشن کے کسی احتجاج اور مارچ سے ہمیں کوئی خطر ہ نہیں،ا پوزیشن کو بھی چاہیے کہ وہ حکومت کے خاتمے کے خواب دیکھنے کی بجائے عام انتخابات 2023کا انتظار کر یں۔
چوہدری محمدسرور نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سمیت تمام عالمی ادارے پاکستان کی معاشی ترقی اور گروتھ میں اضافے کو تسلیم کر رہے ہیں مگر اپوزیشن میں نہ مانوں کی سیاست کر رہی ہے ،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان مشکل معاشی حالات سے نکل چکا ہے اور آج معاشی میدان میں ہاکستان درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، جو لوگ ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نا چا ہتے ہیں وہ دراصل ملک کی معاشی ترقی کو برداشت کر نے کو تیار نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کر پشن کے خاتمے اور شفاف بلاتفریق احتساب کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت آج بھی اپنے اصولی موقف پر قائم ہے کیونکہ ملک کو مہنگائی اور بے روزگار ی جیسے مسائل سے نجات دلانے کیلئے بھی ملک سے کر پشن کا خاتمہ اور شفافیت لازم ہے، حکومت عوام سے کئے جانیوالے تمام وعدوں کو پورا کر ےگی اور ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنائیں گے۔









