شاہد خاقان عباسی

حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے مہنگائی عروج پر ہے‘ شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد (رپورٹنگ آ ن لائن)شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے مہنگائی عروج پر ہے‘چور خود دوسروں کا احتساب کر رہے ہیں‘ عمران خان بتائیں کرپشن سے متعلق نیب اور ایف آئی اے کو کتنے خط لکھے ‘بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مارا جا رہا ہے‘ وزیر اعظم کے مشیر فرار ہو گئے، مشیر کی نوکری چھوڑنے والے اپنے اثاثے سامنے لائیں‘نواز شریف علاج کروا کر اس یا اگلے سال تک واپس آ جائیں گے ۔

مسلم لیگی رہنما اور سا بق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چور خود دوسروں کا احتساب کر رہے ہیں، عمران خان بتائیں کہ انہوں نے کرپشن سے متعلق نیب اور ایف آئی اے کو کتنے خط لکھے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مارا جا رہا ہے، وزیر اعظم کے مشیر فرار ہو گئے، مشیر کی نوکری چھوڑنے والے اپنے اثاثے سامنے لائیں۔

سابق وزیراعظم نے کہاکہ حکومت کا احتساب دیکھیں کیسز میں کچھ نہیں،کرپشن کی فہرست میں ملک 124 سے 140 نمبر پر آگیا تھا، جب یہ حکومت آئی تھی 117 نمبر تھے اب ملک کرپشن کی فہرست میں 140 نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دیکھ سکتے ہیں احتساب کا عمل کیا ہے چور خود احتساب کر رہے ہیں، ساڑھے 3 سال حکومت کر لی ہے کوئی تو ریکارڈ لے کے آئیں، عدالتوں کا جو ریکارڈ آیا ہے وہ بتا نہیں سکتے۔شاہد خاقان نے کہاکہ اسی ماہ تقریباً 4 روپے کے قریب بجلی بڑھ رہی ہے،عوام کی جیب سے 30 ارب نکلے گا جو حکمرانوں کی جیب میں جائے گا یا کرپشن کی نظر ہو گا۔

مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ وزیراعظم کے مشیر جو فرار ہو گئے ہیں پہلے کہا تھا کہ یہ اپنے اثاثہ لکھ کے دے جائیں، احتساب یہ نہیں کہ جعلی کیسز بنائیں، عدالتوں کے فیصلوں کو دیکھیں نیب کیسز کے بارے میں کیا کہا ہے۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ عوام سے یکجہتی کیلئے ہوتا ہے، چار چار دفعہ نکالے جانے والے وزیر کرسیوں سے چمٹے ہوئے ہیں، نواز شریف صاحب آئیں گے اپنا علاج کروا کر ڈاکٹرز کی مشاورت سے آئیں گے، اس سال یا اگلے سال تک آجائیں گے۔