لاہور(رپورٹنگ آن لائن) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ(ن)کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام حکومت کی نا اہلی کی سزا بھگت رہے ہیں،افسوس یہ ہے کہ حکمران اب بھی ماننے کو تیار نہیں۔ پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ پر اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہر گزرے دن کے ساتھ گیس بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے،
صنعتوں کو بھی گیس کی کمی کا سامنا ہے، عوام حکومت کی نا اہلی کی سزا بھگت رہے ہیں، لیکن افسوس یہ ہے کہ حکمران اب بھی ماننے کو تیار نہیں۔ اس سے قبل ایک بیان میں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ افغانستان کا معاملہ بڑا گھمبیر ہے، وہاں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں اور ان کو روٹی اور دوائی کے لالے پڑ گئے ہیں، افغانستان کے عوام کی امداد کا معاملہ بڑا سنگین ہے، عالم اسلام سمیت پوری دنیا کا فرض بنتا ہے کہ افغان عوام کی مدد کرے، جتنی افغان عوام کو مدد کی اب ضرورت ہے شاید پہلے کبھی نہیں ہوئی۔