محمد جاوید قصوری 53

حکومت کی معاشی پالیسیوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے وفاقی حکومت کی معاشی پالیسیوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کے حالیہ فیصلوں نے عوام کی زندگی مزید مشکل بنا دی ہے، سر کاری دستاویز کے مطا بق رواں مالی سال میں وفاقی کابینہ اراکین بشمول مشیر اور معاونین 40 کروڑ روپے 72لاکھ 16ہزار روپے تنخواہوں، الاونس کی مد میں وصول کر چکے ہیں،وزرا، مشیران، معاونین خصوصی کیلئے 100 سے زائد گاڑیوں کے استعمال، مرمت اور پٹرول پر 26 کروڑ روپے 64 لاکھ روپے خرچ ہوچکے ہیںجبکہ عوام کو کفایت شعاری کے درس دیئے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پر بجلی کے فکسڈ چارجز کی مد میں 40 کروڑ روپے کے بوجھ کو کھپت کے بجائے لوڈ سے منسلک کرنے کا فیصلہ عوام دشمن اقدام ہے، جس کے نتیجے میں عام صارفین کے بجلی کے بل کئی گنا بڑھ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے فارمولے کے تحت فکسڈ چارجز کو میٹر کے کرایہ کے نام پر وصول کیا جا رہا ہے، جو سراسر ظلم اور ناانصافی ہے۔ حکومت ایک طرف سولر پالیسی کے نام پر عوام کو سہولیات دینے کے دعوے کر رہی ہے، جبکہ دوسری جانب بجلی صارفین پر مسلسل مہنگائی کے نشتر چلائے جا رہے ہیں، جس سے متوسط اور غریب طبقہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے مزید کہا کہ حکمران طبقہ خود قومی خزانے پر عیاشیوں میں مصروف ہے۔جبکہ حکمران خود کفایت شعاری پر عمل نہیں کر رہے تو عوام کو قربانیوں کا درس کیوں دیا جا رہا ہے؟۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ اشیائے خوردونوش اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے، جس نے عام آدمی کی زندگی عملاً اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر عوامی ریلیف کے اقدامات کیے جائیں، بجلی کے ظالمانہ فکسڈ چارجز ختم کیے جائیں اور حکومتی اخراجات میں نمایاں کمی لا کر حقیقی کفایت شعاری کا مظاہرہ کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوامی مسائل کا حل نہ نکالا گیا تو ملک میں بے چینی اور اضطراب میں مزید اضافہ ہوگا، جس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ حکمرانوں پر عائد ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں