لاہور (ر پورٹنگ آن لائن) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ حکومت کی درست معاشی حکمت عملی سے اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری بڑھی ہے، اپوزیشن شور مچاتی رہی اور ہم عوام کی خدمت کرتے رہے، عوام کی خدمت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، پنجاب کے ہر شہر، قصبہ اور گاوں میں ترقی کا عمل جاری ہے، بزدار حکومت صحت، تعلیم اور ترقی کا حق ہر شہری کو دے رہی ہے، ذاتی تشہیر کے بجائے عوام کی ضروریات کے مطابق اسکیمیں مکمل کی جارہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال اپنے کیمپ آفس نیو مزنگ سمن آباد آئے جہاں انہوں نے لوگوں سے ملاقاتیں کیں، مسائل سنے اور بعض مسائل کے حل کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات دیں۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے سے جو راحت ملتی ہے اسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا جب تک دم میں دم ہے عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے 3 سال مکمل ہونے پر عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ پی ٹی آئی نے 3 سال میں عوامی فلاح کے ایسے منصوبے مکمل کیے جو مخالفین برسوں نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن شور مچاتی رہی اور ہم عوام کی خدمت کرتے رہے، عوام کی خدمت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہر، قصبہ اور گاوں میں ترقی کا عمل جاری ہے، بزدار حکومت صحت، تعلیم اور ترقی کا حق ہر شہری کو دے رہی ہے، ذاتی تشہیر کے بجائے عوام کی ضروریات کے مطابق اسکیمیں مکمل کی جارہی ہیں۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے مزید کہا کہ پنجاب میں نئے صنعتی یونٹس لگنے سے روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں، صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری میں فروغ کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔