فرخ حبیب

حکومت کی بہترین معاشی کارکردگی دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار بلاول جھوٹے معاشی اعدادو شمار کا سہارا لے رہے ہیں، فرخ حبیب

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی بہترین معاشی کارکردگی دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار بلاول اب جھوٹے معاشی اعدادو شمار کا سہارا لے رہے ہیں، بلاول زرداری بتائیں کہ تیسری مرتبہ سندھ میں حکومت کر رہے ہیں،کراچی سمیت پورے سندھ میں سب سے ذیادہ مہنگائی ہے اسے کم کرنے کے لئے آج تک کیا کیا۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ کراچی کے عوام کو مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا، سندھ کے عوام غریب سے غریب تر اور بلاول کا خاندان امیر سے امیر تر ہوگیا ہے۔وزیر مملکت نے کہاکہ بلاول اور انکے خاندان کی پہنچان اومنی گروپ، منی لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹس بن چکی ہے ،وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات پر احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت 23لاکھ 98ہزار خاندانوں میں 28ارب 9کروڑ 87لاکھ روپے دیئے گئے۔وزیر مملکت نے کہاکہ فی خاندان کو 12ہزار روپے گئے ہیں، احساس ایمرجنسی کیش کے مجموعی فنڈز کا تقریبا35فیصد سندھ کے عوام کو دیا گیا ہے،رواں مالی سال میں فی کس آمدن 2لاکھ 46ہزار 414روپے ہے جو گذشتہ سال کی نسبت 14.6فیصد زائد ہے۔

انہوںنے کہاکہ لارج سکیل مینوفیکچرنگ میں 9فیصد،سیمنٹ کی سیل میں 40فیصد،گاڑیوں کی سیل میں 54فیصد اضافہ ہوا ہے، ملک کی مجموعی معاشی شرح نمو میں 33بلین ڈالر کا اضافہ،روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کو اووسیز پاکستانیوں میں پذیرائی حاصل ہے،اب تک ایک بلین ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔وزیر مملکت نے کہاکہ درآمدات کا حجم 231بلین ڈالر ملین ڈالر، سیلز ٹیکس وصولیوں میں 28فیصد، کسٹم ڈیوٹی میں 18فیصد اور فیڈرل ایکسائز ٹیکس میں 11.5فیصد اضافہ ہوا ہے، رشکئی، ایم ون نوشہرہ،علامہ اقبال خصوصی اقتصادی زون اور بوستان بلوچستان کے خصوصی زونز سے روزگار کے 10لاکھ بلواسطہ مواقع پیدا ہونگے،ان معاشی سرگرمیوں سے نہ صرف بے روگاری کی شرح میں کمی ہوگی بلکہ پاکستان میں صنعتی ترقی،پائیدار اقتصادی شرح نمو کے حصوصل میں مدد ملے گی۔