اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ حکومت کھاد کی پیداوار اور دستیابی کے عمل کی مسلسل نگرانی کررہی ہے،فرٹیلائز پلانٹس کیلئے گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار کی زیرصدارت ربیع فصل کیلئے یوریا کھاد کی دستیابی سے متعلق اہم اجلاس وزارت صنعت و پیداوار میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں فرٹیلائزر انڈسٹری کے نمائندگان، پٹرولیم، فنانس ڈویژن، وزرات فوڈ سیکیورٹی اور ریسرچ کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ای سی سی پہلے ہی سوئی نادرن سے منسلک فرٹیلائزر پلانٹس کیلئے آپریشنل پلان منظور کر چکی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ربیع فصل 2021 سے 2022 کی کاشت کیلئے یوریا کھاد کی طلب کا تخمینہ 3.2 ملین مٹرک ٹن ہے، ربیع فصل کیلئے یوریا کی طلب کو ملکی پیداوار سے پورا کیا جائے گا، ربیع فصل کیلئے کسانوں کو یوریا کھاد کی دستیابی بروقت اور کم نرخوں پر ہوگی۔ وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ حکومت کھاد کی پیداوار اور دستیابی کے عمل کی مسلسل نگرانی کررہی ہے، فرٹیلائز پلانٹس کیلئے گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔