اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر برائے قومی خوراک و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے پرعزم ہے ۔ وفاقی وزیر برائے قومی خوراک و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت کپاس کی پیداوار میں اضافے کے لیے قائم کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔
یہ کمیٹی وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر تشکیل دی گئی تھی۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خوراک سیکیورٹی کے چیئرمین، وفاقی سیکریٹری وسیم اجمل چودھری، اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس کا بنیادی مقصد کپاس کی پیداوار میں اضافے کے لیے فوری اقدامات پر غور کرنا تھا، کیونکہ ملک میں کپاس کی پیداوار میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
اجلاس میں اسٹیک ہولڈرز نے قیمتی تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر ظفر نے اجلاس کو کپاس کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں شریک ماہرین نے کئی اہم مسائل پر روشنی ڈالی، جن میں غیر معیاری بیج، مناسب زوننگ کا فقدان، جی ایم او بیجوں پر تحقیق کی کمی، غیر مساوی ٹیکس پالیسیاں، کپاس کی غیر دستاویزی پیداوار اور آگاہی مہم کی ضرورت شامل ہیں۔
اجلاس میں ایسے فصلوں کی حوصلہ افزائی پر بھی زور دیا گیا، جو کپاس کی جلد بوائی میں مدد دے سکتی ہیں، جن میں پیاز اور سرسوں کی مثالیں دی گئیں۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے تمام شرکاء کا قیمتی آراء اور تجاویز فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ان کی سفارشات حتمی رپورٹ میں شامل کی جائیں گی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کمیٹی کا بنیادی مقصد کپاس کی زیادہ سے زیادہ پیداوار کے لیے حکمت عملیوں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔وفاقی سیکریٹری وسیم اجمل چودھری نے اس موقع پر یقین دلایا کہ وزارت قومی خوراک و تحقیق اجلاس میں اٹھائے گئے تمام خدشات اور مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور پاکستان کے کپاس کے شعبے کو بحال کرنے کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جائے گی۔