حمزہ شہباز

حکومت کو سانحہ مری چھپانے نہیں دیں گے، حمزہ شہباز

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حکومت کو سانحہ مری چھپانے نہیں دیں گے، مری میں ہلاکتوں کی تعداد زیادہ ہے لیکن حکومت چھپا رہی ہے، دوسروں کو ڈاکو اور چور کہنے والوں کی کرپشن کو الیکشن کمیشن نے بے نقاب کر دیا ہے، وزیراعظم اور ان کا ٹولہ ڈکلیئر چور ہیں، مہنگائی کی اس سونامی میں معیشت کا بھٹہ بٹھادیا جبکہ عوام مہنگائی کے سیلاب میں غرق ہو رہے ہیں جبکہ حکومت کہتی ہے کہ اتنی مہنگائی نہیں۔

پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ (ن) اور شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے کا کہ عمران خان نے قومی جرم کیا ہے، لوگوں کو دھوکہ دیا ہے، لوگوں کو پچاس لاکھ گھروں کا جھانسہ دیا ہے، ایک کروڑ نوکریوں کے سبز باغ دکھائے، میں بطور قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ریکوزیشن دینے جا رہا ہوں جس کا پہلا ایجنڈا سانحہ مری کی جوڈیشنل انکوائری ہو گی، تمہیں ایسے ہی جانے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں تم نے چور ڈاکو کے نعرے لگائے اور الیکشن کمیشن کی فارن فنڈنگ کمیٹی رپورٹ نے سرٹیفائڈ چور ڈکلیئر کر دیا ہے، اب تمہیں چھپنے کا راستہ نہیں ملے گا، وزیراعظم نے جن لوگوں کو جیل میں ڈالا ان کے خلاف ایک ثبوت بھی پیش نہیں کر سکے، ہم تمہیں پاکستانی قوم کے سامنے منہ چھپانے کا موقع نہیں دیں گے، وزیراعظم کے کرتوت فارن فنڈنگ کیس نے کھول دیئے ہیں،

اس میں ملازمین کے نام پر پیسے منگوائے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان نے سب سے بڑی منی لانڈرنگ کی ہے، آج سارا دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا ہے، میں میڈیا سے اپیل کرتا ہوں کہ جب سانحہ ساہیوال ہوا تب بھی یہاں آیا، وزیراعظم بے حس ہے، ان لوگوں کے سینے میں انسانی دل نہیں ہے، عوام جب مہنگائی میں پستی ہے تو یہ کہتے ہیں کہ پاکستان میں مہنگائی پوری دنیا کی نسبت کم ہے، پورے ریجن میں پاکستان سب سے زیادہ مہنگائی کا شکار ہے، بے روزگاری سب سے زیادہ پاکستان میں ہے، آج سے دوبارہ ظلم و بربریت کا نیا قانون پاس کرانے جا رہے ہیں، پارلیمنٹ میں 300ارب کے نئے ٹیکس لگانے جا رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے سچ کہا تھا کہ مہنگائی کا سونامی آئے گا،

وزیراعظم بولتا زیادہ ہے سوچتا کم ہے، عمران خان اس سونامی شاپس کا نام ہے، پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریوں کی جگہ مہنگائی کا سونامی آیا ہے، قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ جو بھی اس سنگین غفلت کے مرتکب ہوئے ان کو کیفر کردار تک پہنچانا عین عوامی جذبات کا تقاضا ہے، انہیں چھپنے نہیں دیں گے، انہیں قوم کو سچ بتانا ہو گا،سانحہ مری میں ہونے والی اموات زیادہ ے، اس کا حساب وزیراعظم کو دینا ہو گا، عثمان بزدار اپنی ریسکیو ٹیم کو مبارکباد دیتا ہے،معیشت آج زمین بوس ہو چکی ہے، میں قوم کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ مسلم لیگ نون وہ راستہ اختیار کرے گی جس سے ان کا احتساب ہو گا۔