چیف سیکرٹری پنجاب 112

حکومت کسانوں کے مفاد کا ہر صورت تحفظ کرے گی، چیف سیکرٹری پنجاب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کے مفاد کا ہر صورت تحفظ کرے گی، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری رکھاجائے ،گندم کی فصل کیلئے یوریا کھاد کی وافر دستیابی کیلئے پیشگی منصوبہ بندی کی جائے۔

چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا جس میں کھاد کی ذخیرہ اندوزی کےخلاف جاری کریک ڈاﺅن، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ ایک ہفتے کے دوران صوبے میں ذخیرہ کی گئی 4 لاکھ 60 ہزار کھاد کی بوریاں برآمد ہوئی ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث 113 افراد گرفتار اور 190مقدمات درج ہوئے ہیں جبکہ فیصل آباد ڈویژن میں ایک لاکھ 40 ہزار34 بوری کھاد ضبط، چھ افراد گرفتار اور 20 مقدمات درج ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ ملتان ڈویژن میں 34ہزار چھ سو 24 بوری کھاد ضبط، 46افراد گرفتار اور 41 مقدمات درج ہوئے جبکہ لاہور ڈویژن میں 38ہزار بوری کھاد قبضے میں لی گئی، 10افراد گرفتار اور 11مقدمات درج درج ہوئے ہیں۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے، حکومت کسانوں کے مفاد کا ہر صورت تحفظ کرے گی، گندم کی فصل کیلئے یوریا کھاد کی وافر دستیابی کیلئے پیشگی منصوبہ بندی کی جائے،ڈپٹی کمشنرز قیمتوں کے ساتھ کھاد کے اسٹاکس، طلب اور رسد پر بھی کڑی نظر رکھیں۔ان کا کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں سے برآمد کی گئی کھاد مقررہ قیمت پر مارکیٹ میں فروخت کی جائے، موثر اقدامات کے باعث اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام آیا۔

چیف سیکرٹری نے ہدایت دی ہے کہ انتظامی افسران اسی محنت اور جذبے سے کام جاری رکھیں۔اجلاس میں دیگر شہروں کے مقابلے میں راولپنڈی اور گجرات میں دال چنا کی زیادہ قیمت سے متعلق رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔ ڈویژنل کمشنرز نے اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب کو کھاد کے اسٹاکس اور پرائس کنٹرول کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔واضح رہے کہ سیکرٹری خوراک، کمشنر، ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں