وزیر اعظم

حکومت کا سمندر پار پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے بڑا اقدام

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وزیر اعظم عمران خان نے سمندر پار پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے وفاقی اداروں میں سہولت کار افسران مقرر کرنے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ 39وفاقی ڈویژنز میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے سہولت کار افسر مقرر کیا جائے،وزیراعظم کا13 وزارتوں کے 34 ذیلی اداروں میں خصوصی سیکشن اور ڈیسک قائم کرنے کا بھی حکم۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نے کی ہدایت پر وزیراعظم ڈلیوری یونٹ کی متعلقہ وزارتوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔سہولت کار افسران گریڈ 19سے کم نہیں ہوں گے، وزارتیں سہولت کار افسران کی تعیناتی کو نوٹیفائی کریں، مخصوص سیکشن اور ڈیسک کے قیام کا بھی باقاعدہ نوٹیفیکشن جاری کیاجائے ۔

وزیراعظم آفس نے کہا ہے کہ وفاقی ادارے سہولت کی فراہمی سے متعلق آگاہی کے لیے وزارت خارجہ، وزارت سمندر پار پاکستانی اور اطلاعات کو معلومات فراہم کریں،اقدام کا مقصد سمندر پار پاکستانیوں کو دفاتر میں درپیش مسائل کا ازالہ کرنا ہے،تمام ڈویژنز 21 روز میں کاروائی مکمل کر کےرپورٹ دیں،اقدام سے سمندر پار پاکستانیوں کے لئے خدمات کی فراہمی اور دیگرامور سے متعلق آگاہی میں معاونت میسر ہوگی،وزارت خارجہ،اوورسیز پاکستانی اوراطلاعات و نشریات اپنے طور پر بھی سہولت کی آگاہی دیں۔