سعدیہ جاوید

حکومت ڈیری فارمرزکی بلیک میلنگ میں نہیں آئیگی، اگر ازخودقیمت بڑھائی گئی توحکومت ایکشن لے گی،ترجمان سندھ حکومت

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاویدنے کہاہے کہ حکومت ڈیری فارمرزکی بلیک میلنگ میں نہیں آئیگی، اگر ازخودقیمت بڑھائی گئی توحکومت ایکشن لے گی۔

ڈیری فارمزکی جانب سے دودھ کی قیمت 300 روپے کرنے کی دھمکی پرردعمل دیتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہاکہ تقریبا پورے پاکستان میں دودھ کی فی لیٹر قیمت 200 روپے سے زائد ہے، تاہم سندھ حکومت چاہتی ہے کہ موجودہ قیمت برقرار رہے۔

انہوں نے کہاکہ دودھ کی قیمتوں کے تعین سے متعلق حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا، کمشنر ہائوس میں ہونے والی میٹنگز میں طے پایا ہے کہ پہلے دودھ کا معیار چیک کیا جائے گا اور اس کے بعد قیمت مقرر کی جائے گی۔سعدیہ جاوید نے بتایا کہ ڈیری فارمرز دودھ کے نرخ بڑھانے پر بضد ہیں، مگر حکومت کسی دبائو یا بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی اور اگر کسی نے ازخود قیمت بڑھائی تو حکومت ایکشن لے گی۔

انہوں نے کہاکہ فوڈ اتھارٹی نے 127 لیٹر دودھ تحویل میں لیا، جن میں سے 71 لیٹر مضر صحت دودھ ضائع کر دیا گیا، کئی دکانوں کو سیل کیا گیا اور جرمانے بھی عائد کیے گئے، سب سے زیادہ ملاوٹ شدہ دودھ کے نمونے لی مارکیٹ سے حاصل ہوئے۔انھوں نے بتایا کہ کمشنر کراچی مسلسل ڈیری فارمرز سے رابطے میں ہیں اور ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے.

جس میں مختلف محکموں کے افراد شامل ہیں تاکہ مسئلے کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جا سکے۔سعدیہ جاوید نے کہا کہ کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کی زد میں ہیں، دودھ اگر مزید مہنگا ہوا تو عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو جائے گا۔ عدالتوں سے ڈیری فارمرز کے حق میں فیصلے کی توقع نہیں، معاملہ افہام و تفہیم سے حل کیا جانا چاہیے۔