اعظم نذیر تارڑ

حکومت پی ٹی آئی سمیت کسی بھی جماعت کے ساتھ ملک و قوم کے مفاد میں بیٹھنے کو تیار ہے’ اعظم نذیر تارڑ

مریدکے ( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے حکومت کی پہلے بھی کوشش تھی اور اب بھی ہے اورجاری بھی رہے گی کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ملکی مفاد کیلئے ایک پیج پر ہونا چاہیے ،حکومت ہر اس جماعت کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہے جس کا مفاد پاکستان اور عوام کے ساتھ ہے ۔

رانا ثنااللہ اور عطا تارڑ کے ہمراہ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین سے ان کے بڑے بھائی رانا افضال کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رانا افضال حسین مسلم لیگ (ن)کا سرمایہ تھے ، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ،ان کے انتقال سے مسلم لیگ (ن)ایک مخلص وفادار دیرینہ ساتھی سے محروم ہوگئی ،غم کی اس گھڑی میں پوری جماعت اپنے بھائی رانا تنویر حسین کے ساتھ ہے ۔

انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن)کی سیاست پاکستان اور عوام کی خوشحالی سے منسلک ہے ،یہی وجہ ہے کہ قائد نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف جب بھی اقتدار میں آئے تو انہوںنے دن رات پاکستان کی ترقی خوشحالی کیلئے کام کیا ،پاکستان میں بجلی کے کارخانے ہوں ،سی پیک ،موٹرویز ، ملک کو ایٹمی قوت بنانا ہوں یا دیگر عظیم منصوبے نواز شریف اور شہباز شریف کی وطن سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہیں ،شہباز شریف کی دن رات کی محنت سے ارض وطن نہ صرف ڈیفالٹ ہونے سے بچا بلکہ ترقی خوشحالی کے ٹریک پر دوبارہ آ گیا ہے ،دنیا بھر کے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے جس کیلئے حکومت تمام سیاسی جماعتوں سے بار بار کہتی ہے ایک پیج پر اکٹھے ہوں ،حکومت پی ٹی آئی سمیت کسی بھی جماعت کے ساتھ ملک و قوم کے مفاد میں بیٹھنے کو تیار ہے، نو مئی کے واقعات میں ملوث کسی شخص یا جماعت کے ساتھ اس وقت تک نہیں بیٹھیں گے جب تک وہ قانون انصاف کے کٹہرے سے ہوکر قوم سے معافی نہ مانگ لے۔
٭٭٭٭٭