پروفیسر الفرید ظفر

حکومت پنجاب: مریض دوست اقدامات،جنرل ہسپتال میں 3ارب خرچ ہورہے ہیں:پروفیسر الفرید ظفر

لاہور(زاہد انجم سے)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ ملک کی طبی تاریخ میں کسی نگران حکومت نے اربوں روپے کی خطیر رقم سے ہسپتالوں میں مریض دوست ماحول پیدا کرنے اور علاج معالجے کی وسیع سہولیات کی دستیابی کیلئے رویمپنگ پلان، تزئین و آرائش اورانفرا سٹرکچر کی بہتری کی ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے ٹھوس اقدامات کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے جس سے ہسپتالوں کے وارڈز، آپریشن تھیٹرز اور دیگر شعبوں میں توسیع اور بنیادی سہولیات عمل میں لائی گئی ہیں جو آئندہ کئی دہائیوں کیلئے کافی ہوں گی۔
پروفیسر الفرید ظفر نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سید نقوی کے اس منصوبے کے تحت لاہور جنرل ہسپتال میں بھی تین ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں جس سے شعبہ ایمرجنسی میں بستروں کی تعداد میں اضافہ ہوگا اور 32آپریشن تھیٹرز کو انفیکشن فری بنایا جارہا ہے۔

مزید براں وارڈز کی حالت بھی یکسر بدل جائے گی ان اقدامات کی تکمیل سے ایک طرف مریضوں کے علاج معالجے کی سہولیات میں اضافہ ہوگا دوسری جانب ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس کے ورکنگ ماحول پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے اور انہیں ایک خاص صاف ستھرے ماحول میں کام کرنے کا موقع ملے گا۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے مزید کہا کہ ہسپتالوں کا صاف ستھرا ماحول اور حفظان صحت کے اصولوں پر عملدرآمد سے مریضوں کی جلد شفا یابی پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور مریضوں کوطویل عرصے تک ہسپتال میں زیادہ دیر قیام نہیں کرنا پڑتا۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے نوجوان قیادت کے ویژن کا عکاس ہے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے بتایا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ ملک کے دیگر حصوں سے بھی روزانہ اوسطاً 8ہزار سے زائد مریض علاج معالجے کے لئے ایمرجنسی و آؤٹ ڈور میں آتے ہیں جبکہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے بعد مریضوں کو مزید سہولیات آسانی کے ساتھ دستیاب ہوں گی۔پرنسپل ایل جی ایچ نے کہا کہ سرکاری شعبے سے وابستہ افراد کیلئے یہ بات باعث تقلید ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ اور اُن کی ٹیم نے نہ دن دیکھا نہ رات اور ہسپتالوں کی رویمپنگ کے منصوبوں کی مسلسل مانیٹرنگ کرتے رہے جس کی بنا پر مختصر وقت میں صوبے کے تقریبا ً 100سے زائد ہسپتالوں میں بر وقت ترقیاتی کام آخری مرحلے میں پہنچ چکے ہیں۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ صوبے کے دیگر فلاحی و ترقیاتی منصوبے نگران حکومت نے مختصر ترین وقت میں مکمل کروائے ہیں جس کے لئے موجودہ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ اور وہ ایک تیز رفتار ترقی والے وزیر اعلیٰ کے طور پر جانے جائیں گے۔ پرنسپل نے اس امر کا اعادہ کیا کہ جنرل ہسپتال کی ٹیم بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کی پیروی کرتے ہوئے ادارے کو مثالی بنانے میں اپنی کاوشیں برؤئے کار لائے گی۔