اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت ٹیلی فون کالز پر کھڑی ہے‘جس دن کالزبند ہوں گی اسی دن عدم اعتماد ہوجائےگا‘جب تک ریاست حکومت کےساتھ ہے ہم بھی ان کےساتھ ہیں‘اتحادیوں نے کہہ دیاوہ ریاست کیساتھ ہیں‘ ملک میں ٹوئٹ کرنا بھی جرم بن گیا ہے‘چیئرمین نیب بتائیں سیاستدانوں سے کتنی ریکوری کی‘548 ارب روپے میں سے کتنے پیسے سیاستدانوں سے آئے ‘ہمارا مطالبہ ہے ٹی وی کیمرے لگائیں اور احتساب کا عمل عوام کو دکھائیں۔
منگل کو مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ریاست حکومت کےساتھ ہے،جب تک ریاست حکومت کےساتھ ہے ہم بھی ان کےساتھ ہیں۔انہوں نے کہاکہ جس دن کالزبند ہوں گی اسی دن عدم اعتماد ہوجائےگا،حکومت ٹیلی فون کالز پر کھڑی ہے۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان نے بتایاکہ ایف آئی اے نے ٹوئٹ کرنے پر (ن) لیگ کے ورکر کو گرفتار کرلیا، اب ملک میں ٹوئٹ کرنابھی جرم بن گیا۔مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ چیئرمین نیب بتائیں سیاستدانوں سے کتنی ریکوری کی۔548 ارب روپے میں سے کتنے پیسے سیاستدانوں سے آئے ؟شاہد خاقان نے مزید کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے ٹی وی کیمرے لگائیں اور احتساب کا عمل عوام کو دکھائیں۔