لاہور (رپورٹنگ آن لائن)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کیلئے جو کچھ میرے بس میں ہے کروں گا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے قومی وسائل نمائشی منصوبوں پر ضائع کئے،سابق ادوار میں قومی وسائل کی لوٹ مار سے ملک کنگال ہوا،پی ٹی آئی کی حکومت وسائل کی ایک ایک پائی شفاف طریقے سے عوام کی فلاح پرصرف کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کے پروگرام کامیابی سے جاری ہیں اور ہم عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی فراہمی کے ساتھ تعلیم اور صحت کے ادارے بنانا بھی ہماری ذمہ داری ہے،پی پی151میں صوبے کا بڑا گرلز کالج بنے گا اور اس کالج میں متوسط اور غریب گھرانوں کی بچیوں کو اعلی تعلیم کے مواقع ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈھولن وال میں عوام کے بجلی کے مسائل کے حل کیلئے 26نئے ٹرانسفارمرز لگائے گئے ہیں جبکہ علاقے میں کروڑوں روپے کی لاگت سے بجلی، گیس، سیورج اوردیگر سکیمیں مکمل کی گئی ہیں۔صوبائی وزیر کے پولیٹیکل کوآرڈینیٹراظہرخان اور علاقے کی دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔