رانا تنویر حسین

حکومت (ن) لیگ کیخلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے سے باز آ جائے ، رانا تنویر حسین

شیخوپورہ(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی و رہنما(ن) لیگ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت (ن) لیگ کیخلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے سے باز آ جائے، ایم این اے میاں جاوید لطیف ایک محب وطن شہری اور (ن) لیگ کے وفادار کارکن ہیں ، حکومت بھونڈے انداز میں خود ساختہ لسٹیں بنا کر شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے ،

ان خیالات کا اظہار رانا تنویر حسین نے اتوار کو میڈیا کوآرڈینیٹر ڈسٹرکٹ گورنمنٹ شیخوپورہ ندیم صادق گورائیہ کی رہائشگاہ پر انکی خوشدامن کے انتقال،ضلع کونسل کے وائس چیئرمین حاجی اکرام سعید بھٹی کی والدہ کے انتقال اور وائس چیئرمین ضلع کونسل جہانزیب خان کے چچا سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیابعدازاں وہ میاں جاوید لطیف ایم این اے کی رہائشگاہ پر بھی گئے جہاں انہوں نے انکے اہلخانہ سے اظہار یک جہتی کیا، رانا تنویر حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں جاوید لطیف ہماری جماعت کے اہم ساتھی ہیں، مسلم لیگ محب وطن جماعت ہے اس کا ہر کارکن محب وطن ہے موجودہ حکومت کو اک انجانا خوف ہے مسلم لیگ ن ہی وہ جماعت ہے جس کے ساتھ لوگوں کا دل دھڑکتا ہے یہ موجودہ حکومت کے ہتھکنڈے ہیں جومسلم لیگ ن کو کمزور کرنے کیلئے ہیں، بالخصوص مسلم لیگ(ن) کے لوگوں اور قیادت کے خلاف کاروائیاں کی جا رہی ہیں جو کہ قابل افسوس ہے، انہوں نے کہا کہ سات ماہ بعدشہباز شریف کی ضمانت ہوئی،

ہائیکورٹ لاہور کے تین رکنی بینچ نے ان کے کیس ختم کر دیئے،تمام الزامات کو رد کر دیا اپنی ججمنٹ میں کہا کہ ان کے خلاف کو ئی ثبوت نہیں ہے،میاں شہباز شریف معدے کے کینسر کے مریض ہیں اور علاج کے لیے بیرون ملک جا رہے تھے، انہیں بھونڈے انداز میں روکا گیا، حکومت خود ساختہ لسٹیں بنا کر ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے، میاں شہباز شریف جب پہلے باہر گئے تھے تو وہ ایمرجنسی ٹکٹ لے کر واپس آ گے تھے شہباز شریف کامقصد صرف اپنا چیک اپ کروانا ہے اگر گورنمنٹ ان کے ڈاکٹر کو پاکستان بلوا لیتی ہے تو میاں صاحب کیا اعترض ہے، انہوں نے بتایا کہ میاں شہباز شریف فلسطین کے سفیر سے ملے اور ان سے یکجہتی کا اظہار کیا، ایم این اے رانا تنویر حسین نے کہا کہ پی ڈی ایم سیاسی جماعتوں کا ایک اتحاد ہے، تمام اتحادی جماعتیں اس موجودہ حکومت سے پاکستان اور 22کروڑ عوام کو جلد از جلد نجات کے لیے متفق ہیں۔