بیرسٹر گوہر

حکومت نے کبھی بھی بانی پی ٹی آئی کی 20 دن میں رہائی کا وعدہ نہیں کیا ،بیرسٹر گوہر کی علیمہ خان کے بیان کی تردید

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے بیان کی تردید کر تے ہوئے کہا ہے کہ میرا 24 نومبر یا اس سے قبل حکومت سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران بیرسٹر گوہر سے سوال کیا گیا کہ علیمہ خان نے حکومت سے آپ کے مذاکرات کا ذکر کیا ہے۔

جس پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میرا 24 نومبر یا اس سے قبل کوئی رابطہ نہیں ہوا، حکومت سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر کوئی بات نہیں ہوئی۔بیرسٹر گوہر سے ایک اور سوال کیا گیا کہ علیمہ خان نے کہا کہ آپ نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے وقت بھی بتایا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں نے نہ تو رہائی سے متعلق کوئی بات کی نہ ذکر کیا، حکومت نے کبھی بھی بانی پی ٹی آئی کی 20 دن میں رہائی کا وعدہ نہیں کیا۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ دھرنا ختم کرنے کے بدلے بانی پی ٹی آئی کی 20 دن میں رہائی کی بات غلط ہے۔واضح رہے کہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا تھا کہ حکومت نے بیرسٹر گوہر کو کہا تھا کہ سنگجانی میں بیٹھ جائیں، بانی پی ٹی آئی کو رہا کر دیں گے۔