اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے کہا ہے کہ حکومت نے معیشت تباہ کر دی ہے،کئی چیزوں کو مصنوعی طریقے سے بڑھایا ہے، آئندہ مالی سال بھی گروتھ ریٹ نیچے جائے گی، ملکی تاریخ میں کم ترین سرمایہ کاری ہوئی ہے، حکومت نے کئی اعدادوشمار مصنوعی طورپربڑھائے۔ اپنے چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ گندم کی فصل تباہ ہوگئی لوگ بیچ نہیں پا رہے، زراعت سے متعلق حکومت دعوے غلط ہیں، بمپر کراپ حکومت اور کسانوں کو فائدہ نہیں دے رہی، اب چاول کا بھی بحران آئےگا، ایران سے پٹرول سمگلنگ کیوجہ چاول سمگل ہوگا، افراط زرمیں کمی نہیں آئی مزید بڑھی ہے۔
قائد حزبِ اختلاف نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہوئی مگرعوام کوفائدہ نہیں مل رہا، حکومت نے ڈالرکو مصنوعی طور پر 275 پر رکھا ہوا ہے، اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہونگی، حکومت نے امپورٹس کو محدود رکھا ہے جس سے بجلی کا بحران ہے۔عمر ایوب نے کہا کہ لوڈشیڈنگ بجلی چوری کیوجہ سے نہیں بجلی پیدا نہ کرنے کیوجہ سے ہورہی ہے، حکومت وقت کی فرعون ہے آسمان سے باتیں کررہی ہے، پنجاب ہتک عزت قانون کی شدید مذمت کرتے ہیں، پنجاب ہتک عزت قانون آزادی صحافت کےلئے زہر قاتل ہے، سوشل میڈیا پر فائروالز لگا کر آزادی صحافت کو روک رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا مہنگائی عروج پر پہنچ گئی ہے، عوام سے پوچھیں مہنگائی کم ہوئی یا زیادہ۔