اشرف بھٹی

حکومت نے پیٹرولیم کی قیمتوں میںکمی کا مکمل ریلیف عوام کومنتقل نہیں کیا’ اشرف بھٹی

لاہور( ر پورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدراشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت نے عالمی منڈی میں پیٹرولیم کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا مکمل ریلیف عوام تک منتقل نہیں کیا ، انتہائی کم آمدنی والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح کا 21فیصد سے تجاوز کر جانا تشویش کا باعث ہے ،مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے عوام کی قوت خریدجواب دے گئی ہے جس سے ہر طرح کے کاروبارمیں شدید مندی کا رجحان ہے ۔

اپنے ایک بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت عالمی سطح پر پیٹرولیم کی قیمتوں میں ہونے والی کمپنی کا مکمل ریلیف عوام تک منتقل کرنے کے لئے ٹیکسز میں کمی کرے ، اسی تناسب سے بجلی کے فی یونٹ قیمت میں بھی کمی کی جائے ۔ انہوںنے کہا کہ تذبذب کی صورتحال اور معاشی ابتری کی وجہ سے سرمایہ کاری کے رجحان میں کمی ہورہی ہے جس سے بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا ہے ، دوسری جانب پالیسی ریٹ میں اضافے نے رہی سہی کسر بھی نکال دی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات ،بجلی اور گیس کی قیمتوںمیں کمی کر کے اسے دو سال کے لئے منجمد کیا جائے ۔