اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تجارت میں آسانیاں پیدا کرنے کےلئے حکومت نے پاکستان سنگل ونڈ ایکٹ 2021کی منظوری دے دی، پی ایس ڈبلیو ایکٹ سے تجارت میں سالانہ 500ملین ڈالر کی بچت ہو گی۔
پیر کو وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ حکومت نے اصلاحات کے عمل میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ہے، پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ (PSW) 2021سے برآمدات اور درآمدات میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈبلیو ایکٹ 2021 سے سالانہ 500ملین ڈالر کی بچت ہو گی اور تجارتی سامان کی ترسیل میں وقت کی کمی ہو جائے گی جس سے دنوں کے بجائے سامان گھنٹوں میں کلیئرنس کے بعد ترسیل کے عمل سے گزرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ تجارتی عمل میں آسانیاں پیدا کرنے کےلئے پی ایس ڈبلیو ایکٹ 2021کے ذریعے 75محکموں کو منسلک کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے محکمہ کسٹمز، بندرگاہ، شپنگ کمپنیاں، بروکرز جیسے محکموں کو ہم آہنگ کیا جائے گا اور آزاد اتھارٹی پاکستان سنگل ونڈو آپریشن کا انتظام دیکھے گی جبکہ پاکستان سنگل ونڈو ملک کے تجارتی مرکز بننے کے امکانات کو کھولے گا اور سنگل ونڈو ایکٹ سے عالمی تجارتی کا مرکز بننے کے امکانات بڑھ جائیں گے