اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی تک ان کے وکلا اور اہلخانہ کو رسائی نہ دینے کی تردید کردی ہے۔تفصیل کے مطابق وفاقی حکومت نے نیب ترامیم فیصلے کے خلاف اپیلوں کے معاملے پر سپریم کورٹ میں اپنی رپورٹ جمع کرادی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو وکلا تک رسائی نہ دینے کا بیان غلط ہے۔ حکومت کی جانب سے جمع کروائی گئی اضافی دستاویزات کے ساتھ بانی پی ٹی آئی کی جیل میں وکلا سے ملاقات کی تصاویر بھی شامل ہیں۔
حکومت نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست بھی سپریم کورٹ میں جمع کرواتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا قید تنہائی میں ہونے کا موقف غلط ہے، انہوں نے سپریم کورٹ میں وکلا رسائی نہ دینے کا موقف اپنایا۔وفاقی حکومت نے استدعاکی کہ عدالت مناسب سمجھے تو ان کے بیان کی حقیقت کو جانچنے کیلئے کمیشن بھی مقرر کرسکتی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں کتابیں ،ائیر کولر ،ٹی وی سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔