لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کے تمام فیصلے آئی ایم ایف کے دبا وپر ہورہے ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر سراج الحق نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت بے حس ہوچکی ہے، ملک کے تمام فیصلے آئی ایم ایف کے دبا پر ہورہے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتیں کم اور پاکستان میں بڑھ رہی ہیں، حکومت نے ظلم کی انتہا کردی۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ حکمران عوام کے صبر کا مزید امتحان نہ لیں، قیمتیں اپریل کی سطح پر واپس لائی جائیں، سیلاب، لوڈشیڈنگ، مہنگائی، بے روزگاری سے ہر پانچواں فرد ڈپریشن کا شکار ہے، ملک میں صرف دو فیصد اشرافیہ سکون میں ہے۔