بلاول بھٹو زرداری

حکومت نے تمام مطالبات مانے اس لیے بجٹ کو سپورٹ کر رہے ہیں،بلاول بھٹو

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت نے ہمارے تمام مطالبات مانے اس لیے بجٹ کو سپورٹ کر رہے ہیں۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بی آئی ایس پی میں 20 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، ہم خوشی کے ساتھ اس بجٹ کو سپورٹ کر رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہر بجٹ میں بی آئی ایس پی پروگرام میں کمی کی کوشش کی، جب سے وزیراعظم شہباز شریف آئے ہر بجٹ میں بی آئی ایس پی میں اضافہ ہوا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تنخواہ داروں کیلئے ٹیکس میں کمی کی گئی، ہمارے کہنے پر حکومت سولر ٹیکس میں 50 فیصد کمی لائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے اعتراض کے بعد ایف بی آر قوانین میں تبدیلی لائی گئی، ہم وزیراعظم شہبازشریف اور وزیر خزانہ کے شکرگزار ہیں، ہماری بات مانی گئی اس لیے بجٹ کو سپورٹ کر رہے ہیں۔