اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے،صنعتیں، کاروباری برادری تجارتی حجم بڑھانے، ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے، نوجوانوں کو مہمان نوازی اور قیام و طعام کے شعبے میں تربیت دینے کی ضرورت ہے، صدر عارف علوی سے عدنان علی کی قیادت میں ایوانِ صنعت و تجارت سوات کے وفد کی ملاقات ہوئی ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعتیں، کاروباری برادری تجارتی حجم بڑھانے، ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوات میں سیاحت کے شعبے میں ترقی کے بے پناہ امکانات ہیں، ان امکانات سے فائدہ اٹھا کر ملازمت کے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔ صدر مملکت کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو مہمان نوازی اور قیام و طعام کے شعبے میں تربیت دینے کی ضرورت ہے، حکومت کامیاب جوان پروگرام کے تحت کاروبار شروع کرنے کیلئے قرض فراہم کر رہی ہے۔
عارف علوی نے مزید کہا کہ سوات کے نوجوان سیاحت و مہمان نوازی کے شعبے میں اپنا کاروبار شروع کریں، حکومت سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے سیاحت کو فروغ دینے پر توجہ دے رہی ہے، اور نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے بھی اقدامات کررہی ہے۔ ملاقات میں وفد نے صدر مملکت عارف علوی کو اپنے مسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور صدر مملکت نے وفد کو مسائل کے حل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔







