لاہور(ر پورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدراشرف بھٹی نے سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافے اورجولائی کے بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کے فارمولے کے تحت قیمتیں بڑھانے کے مجوزہ فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پسے ہوئے طبقات سے جینے کا حق بھی چھیننا چاہتی ہے ،حکومت عالمی اداروں سے قرض کی اقساط کے حصول کیلئے عوام کا خون نچوڑ رہی ہے جوقابل مذمت ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ حکومت کی جانب سے بجلی ، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اس سطح پر پہنچا دی گئی ہیں کہ عوام کے لئے اب دو وقت کی روٹی کھانا مشکل ہوگیا ہے ۔
مہنگے کمرشل یوٹیلٹی بلز اور ٹیکسز کی وجہ سے تاجروں کی ہمت بھی جواب دے گئی ہے اور اب ہم مجبور ہیںکہ اپنا کاروبار بند کرکے سڑکوں پر آ جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سالوں میں مہنگائی کی شرح میں بے پناہ اضافہ جبکہ عوام کی آمدنی میں کمی ہوئی ہے جس سے ان کی قوت خرید بھی جواب دے گئی ہے ، ملک میں سارے لوگ سرکاری ملازمتوں پر نہیں کہ انہیں بجٹ میں بڑھنے والی تنخواہوں اورالائونسز سے کچھ سہارا ملے بلکہ زیادہ تعداد نجی شعبے میں ملازمتیں کرتی ہے اور یہ پہلی دفعہ ہوا ہے کہ لوگوں کی آمدن بڑھنے کی بجائے اس میں کمی ہوئی ہے اور یہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔