لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مصنوعی مہنگائی کے ذریعے عوام کے استحصال کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے جس کے آگے بند باندھنے کی ضرورت ہے ،پاکستان میں پرائس کنٹرول کے میکنزم کو از سر نو ترتیب دینے کی ضرورت ہے جس کیلئے کامیاب ممالک کو سٹڈی کیا جائے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ رپورٹس کے مطابق مہنگائی میں 30سے40فیصد گراں فروشی ہوتی ہے جس کی وجہ سے پسے ہوئے طبقات مزید مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں۔ گراں فروشی کرنے والوں کو موقع پر ہی جرمانے ،قید کی سزا اور کم از کم ایک ماہ تک کاروبار بند کرنے کے اقدامات تجویز کرنے چاہئیں تاکہ مصنوعی مہنگائی کرنے والے دوسرے تاجر اس سے عبرت حاصل کر سکیں ۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت ایسا میکنزم بنائے جس سے مڈل مین کا کردار محدود ہو اور سبزیاں اور اشیائے خوردونوش براہ راست منڈیوں تک پہنچیں ،اس اقدام کی وجہ سے قیمتیں عوام کی پہنچ میں رہیں گی۔









