لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور الیکشن کی تیاریوں کیلئے قائم الیکشن سیل کے کوارڈی نیٹر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک کو سیاسی اور آئینی بحران میں دھکیل چکی ہے اور اپنی تصحیح کرنے سے بھی انکاری ہے ،اتحادی حکومت اور مسلم لیگ (ن) کے طرز عمل کے باعث ریاست اور عوام میں فاصلے بڑھ رہے ہیں اور حالات مزید خرابی کی طرف جارہے ہیں ،کوئی بھی محب وطن پاکستانی یہ نہیں چاہتا کہ آئین کی پامالی کا سلسلہ جاری رہے ،
عدلیہ نے آئین و قانون کے مطابق مضبوط فیصلہ دیا ہے اور ان شا اللہ عوام اس پر عمل کرائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی دفتر میں حلقے سے تعلق رکھنے والے رہنمائوں اور اکابرین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملاقات کرنے والوں میں ملک جہانزیب،عظیم جٹ، میاں سہیل، چوہدری شفیق، ملک عمر، منیر فاروق ، میاں سعید، ڈاکٹر شرافت اور دیگر شامل تھے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پاکستا ن میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ہر دور میں اعتماد کا فقدان رہا ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ بات چیت ہی شروع نہ کی جائے اور آئین کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری رکھا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ میرا چیلنج ہے اگر فل کورٹ بھی بیٹھ جائے تو کوئی بھی معزز جج یہ نہیں کہے گاکہ انتخابات کے انعقاد کو 90روز سے آگے لے جایا جائے ۔انتخابات کروانا یا نہ کروانا حکومت کا استحقاق نہیں ہوتا بلکہ یہ آئینی ذمہ داری ہے،اگر حکومتوں کو یہ حق دے دیا جائے تو وہ کبھی بھی انتخابات نہیں کرائیں گی ۔ ملک کو تمام بحرانوں سے باہر نکالنے کاواحد حل فوری اور شفاف انتخابات ہیں۔