لاہور(رپورٹنگ آن لائن )آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن لاہور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری محمد اظہرقادری نے کہاہے کہ حکومت ملک میں صرف آئی ایم ایف کی بی ٹیم کا کردار ادا کررہی ہے، عمران خان نے انتخابی منشور سے یوٹرن لے کر عوام دشمن اقدامات سے قوم کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا،حکومت اگر معیشت کا پہیہ جام نہیں کر نا چاہتی تو ٹرانسپور ٹرز کے جا ئز مطالبا ت کو فوری تسلیم کیاجائے۔ان خیالا ت کااظہارانہو ں نے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی کے رہنما ئو ںحاجی الیاس بابر،حاجی ناظم الدین بردی،حاجی محمد اظہر سراج و د یگر سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کہتے تھے کہ وہ معیشت کو بہتر کریں گے اور قرضے نہیں لیں گے لیکن آج آئی ایم ایف کی شرائط پوری کر کے شادیانے بجائے جارہے ہیں،آئی ایم ایف کی تمام شرائط پر عملدآمد کرنے کے بعد ملک میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور ٹیکسوں کی بوچھاڑ ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جب آئی ایم ایف پروگرام میں جانا ہی تھا تو پہلے اتنے دعوے کیوں کئے گئے آج ملک معاشی بحرانوں کی دلدل میں دھنس چکا ہے اگر اب بھی معیشت کی بہتری کے لئے اقدامات نہ کئے گئے تو ملک کی بقا و سالمیت کو خطرہ ہے، حکومت فوری طور پر معاشی مسائل حل کرے۔