اسلام آباد( رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ معیشت کی بحالی
اوراس کے پہیے کو دوبارہ اسی رفتار سے گھمانا بڑا چیلنج ہے لیکن حکومت اس کیلئے پرعزم ہے اور اس کیلئے اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں ،
کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے انتہائی غیر معمولات حالات میںوزیر اعظم عمران خان نے بروقت اور درست فیصلوں سے پاکستان کو ریسکیو کیا ہے .
اور دنیا ہمارے اقدامات کی معترف ہے ۔ فیٹف کی قانون سازی ملک کے مفاد میں ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شمار
ترقی پذیر ممالک میں ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود وزیر اعظم عمران خان نے کوروناوائرس کے اثرات کی زدمیں آنے والے غریب طبقات کو
ریلیف کی فراہمی کے لئے وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا اور انشااللہ جب تک یہ اپنے پائوں کھڑے نہیں ہو جاتے حکومت اپنی
ذمہ داری سے پیچھے نہیں ہٹے گی ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کی ساری توجہ معیشت کی بحالی پر مرکوز ہے ،تعمیراتی شعبے کوصنعت کا درجہ دینا ،
برآمدی اور زراعت سمیت دیگر شعبوں کے لئے اربوں روپے کا پیکج اسی سلسلے کی کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے مشکل کی اس گھڑی
میں قوم میں اتحاد پیدا کرنے کی بجائے تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی،سیاست کو چمکانے کیلئے ”میں نہ مانوں ” کی رٹ لگائی گئی .
جس سے ان کے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ فیٹف کی قانون سازی ملک کے مفاد میں ہے.
اور پاکستان نے قانون سازی کر کے بھارت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے ۔