اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی آلودگی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ حکومت موسمیاتی تغیرات کے پیش نظر ماحولیاتی آلودگی پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے۔ملک امین اسلم نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بڑے کم وقت میں بھٹہ خشت کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا گیا، اگلے مرحلے میں نگرانی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یورو فائیو لاہور میں شروع کرد ی گئی ہے، اسلام آباد میں الیکٹرک بس پبلک ٹرانسپورٹ میں استعمال کی جا رہی ہے ،فصلوں کو جلانے سے روکنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، زمین کو بہتر طریقے سے استعمال کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔
ملک امین اسلم نے کہا کہ پاکستان میں دو سال پہلے زگ زیب ٹیکنالوجی نہیں تھی، چھ ماہ میں آٹھ ہزار بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا۔انکا کہنا تھا کہ 35لاکھ کی مشینری پی ڈی ایم اے کے حوالے کی ہے، مشین کی مدد سے بھٹوں کے دھویں کو چیک کیا جاسکے گا، اس مشین کی پہلے ٹریننگ دی جائے گی، فصلوں کی باقیات کو خٹکرنے کیلئے مشین تیار کی ہے۔
امین اسلم نے مزید کہا کہ اسموگ کے سیزن میں جب ہوا چلتی ہے تو بھارت سے پاکستان ہوا کی مدد سے اسموگ آتی ہے، اسموگ کا مسئلہ تب حل ہوگا جب پاکستان انڈیا ملکر اقدامات کریں گے، اسموگ کے حوالے سے جو پاکستاں اقدامات کرسکتا تھا وہ کررہا ہے۔