لاہور(ر پورٹنگ آن لائن)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ ہاتھ سے بنے قالین پوری دنیا میں پاکستان کی منفرد پہچان ہیں لیکن بد قسمتی سے اس انڈسٹری کی حکومتی سطح پر سرپرستی نہیں کی جارہی ، اس شعبے سے روزگار کے حصول کو پر کشش بنانے کیلئے حکومت بھرپور معاونت کرے بصورت دیگر آنے والے وقتوں میں اس کے کاریگر نا پید ہو جائیں گے ، بدلتے رجحانات کے تناظر میں کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اپنے طور پر انوویشن کیلئے کوشاں ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں کارپٹ انسٹی ٹیوٹ کے امور کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پرویز حنیف نے کہا کہ ہمیں ڈیزائن اور ڈائنگ کی طرف بھرپور توجہ مرکوزکرنا ہو گی اوردنیا میں بدلتے رجحانات کو مد نظر رکھتے ہوئے جدت کو اپنانا ہوگا۔ہاتھ سے بنے ہوئے قالین پوری دنیا میں پاکستان کی منفرد پہچان ہیں لیکن بد قسمتی سے حکومتی سرپرستی نہ ملنے کی وجہ سے یہ انڈسٹری زوال کا شکار ہے ،حکومت سے درخواست ہے کہ اس شعبے سے روزگار کے حصول کو پر کشش بنانے کے لئے ہماری معاونت کرے جس کے دیہی علاقوں میں بھی مثبت اثرات نظر آئیں گے اوراربنائزیشن کو روکنے میں مدد ملے گی۔
