لاہور( رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدراشرف بھٹی نے نئے سال کے آغاز پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اقدام او ر بجلی کی قیمتیں مزید بڑھانے کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت غریب عوام اور تاجر طبقے کو کچلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ،مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے عوام کیلئے ایک وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو گیا ہے جبکہ حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے کر آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ در حقیقت پیٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فارمولہ حکومت کا اپنا نہیں بلکہ آئی ایم ایف آئی کامسلط کردہ ہے جس پر آنکھیں بند کرکے عملدرآمد کیا جارہا ہے ۔حکومت سے اپیل ہے کہ پسے ہوئے طبقات پر آئے روز بوجھ ڈال کر ا ن کا سانس نہ بند کیا جائے ، اگر قیمتوں میں کمی نہیں ہو سکتی تو کم از کم انہیں ایک سطح پر ہی منجمد کر دیا جائے تاکہ عوام روزی روٹی کے حصول کی تدبیر کر سکیں۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے مہنگائی کو جس نہج پر پہنچا دیا ہے اب کسی وقت بھی عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوسکتا ہے ۔