ثانیہ نشتر

حکومت ضرورت مندوں کو گداگر نہیں ترقی یافتہ مہذب ممالک کی طرز پر شہریوں کی فلاح و بہبود کو فریضہ سمجھتی ہے’ ثانیہ نشتر

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و احساس پروگرام سینیٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ مستحق گھرانوں کی حقیقی بنیادوں پر تفصیلات اکٹھی کر کے کوائف کی نادرا سے تصدیق کروائی جا رہی ہے تاکہ احساس پروگرام کو ہر طرح کی کرپشن سے پاک رکھا جا سکے،ماضی کے ادوار میں محتاجوں ،یتیموں، بیوائو ں اور بزرگ شہریوں کیلئے مختص فنڈز کا غلط استعمال دیکھنے میں آیا جبکہ موجودہ دور حکومت میں اس طرح کی مداخلت ممکن نہیں ہے،حکومت ضرورت مندوں کو گداگر نہیں سمجھتی بلکہ ترقی یافتہ مہذب ممالک کی طرز پر اپنے شہریوں کی فلاح و بہبود کو اپنا فریضہ سمجھتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے احساس رجسٹریشن سنٹرگھوڑے شاہ اور تیزاب احاطہ میں مختلف گھروں کے سروے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ سینیٹر ثانیہ نشتر نے رجسٹریشن کیلئے آنے والی خواتین سے خود بھی سوالات کئے رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لیا ۔انہوںنے کہا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مستحق گھرانوں کے کوائف اکٹھے کرنے کیلئے سروے تیزی سے جاری ہے ،سرکاری ٹیمیں گھر گھر جا کر کوائف اکٹھے کررہی ہیں ، مختلف مقامات پر سروے ڈیسک قائم کئے گئے ہیں جہاں علاقہ مکین خود پہنچ کر بھی اپنے کوائف درج کر اسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سروے ٹیم کو ٹیبلیٹس فراہم کئے گئے ہیں جن میں65 سوالات ہیںاور ان سوالات کے ذریعے جوابات کے ذریعے گھرانوں کی معاشی حیثیت کا اندازہ لگایا جائے گا۔

انہوںنے عوام کو آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ احساس پروگرام سروے کی کوئی فیس نہیں ہے، بدعنوان عناصر ہر جگہ پائے جاتے ہیں اس لئے عوام کسی دھوکے کا شکار نہ ہوں،سائبر کرائم کنٹرول ڈیسک بھی قائم کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو گمراہ کرکے جعلی امدادی پیغامات کے ذر یعے لوٹنے والوں کا تدارک ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ 2019 میں جانچ پڑتال کے بعد 8لاکھ 20 ہزار ایسے افراد کو احساس پروگرام سے نکالا گیا جنہوں نے غلط کوائف فراہم کئے تھے ۔مالی سال 2021کے بجٹ میں احساس پروگرام کیلئے260 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس سے ایک کروڑ20 لاکھ افراد مستفید ہوں گے اور اس سلسلے میں حکومت نے 95 فیصد کام مکمل کر لیا ہے۔