اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت زراعت کے شعبہ اور تحقیق کے فروغ سمیت کاشتکار طبقہ کی خوشحالی کے لئے تمام تر ممکنہ وسائل فراہم کرے گی، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ زراعت کے شعبہ میں تحقیق کو فروغ دیا جائے جس کا مقصد جدید سائنسی بنیادوں پر زرعی پیداوار کا فروغ ہے۔
جمعہ کو یہاں قومی زرعی تحقیقاتی ادارے (این اے آر سی) کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زراعت قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کی حامل ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملکی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث ملک کی زرعی پیداوار میں بھی اضافہ ناگزیر ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت زراعت کے فروغ، کاشتکار طبقہ کی خوشحالی اور زرعی تحقیق کے فروغ کے لئے تمام تر ممکنہ وسائل فراہم کرے گی۔









