فواد چوہدری

حکومت ریڈیو پاکستان کو جدید نشریاتی معیار کے مطابق بنانے کےلئے پرعزم ہے ‘فواد چوہدری

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت ریڈیو پاکستان کو جدید نشریاتی معیار کے مطابق بنانے کےلئے پرعزم ہے ۔

یہ بات انہوں نے وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب کے ہمراہ ریڈیو پاکستان کے نئے پروگرام ” پوڈ کاسٹ” کے بارے میں بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان عنبرین جان نے ریڈیو پاکستان کی ورکنگ اور نئے پروگرام پوڈ کاسٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے صحیح تشخیص اور اسکے بیانیہ کو موئثر انداز میں پیش کرنے میں ریڈ یو پاکستان اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ “پوڈ کاسٹ” پروگرام کے ذریعے ریڈیو پاکستان کی آوازعام آدمی سمیت معاشرے کے تمام طبقوں اور رائے عامہ بنانے والوں تک موئثر انداز میں پہنچے گی۔فواد چوہدری نے پی بی سی انتظامیہ اور اس کے کارکنوں کی پوڈ کاسٹ کو جلد شروع کرنے کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر اجلاس کو ڈیجیٹل ریڈیو میگریشن پروجیکٹ (DRM) کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر نے اس منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ DRM پروجیکٹ ریڈیو پاکستان کی آواز کو پورے ملک اور دور دراز علاقوں تک پہنچانے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پی بی سی کے پینشنرز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اس کے ساتھ ساتھ ریڈیو پاکستان کے ملازمین کو وزیراعظم ہاﺅسنگ پروگرام میں شامل کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔