صوابی (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،خیبر پختونخوا کا ہر شہری 10 لاکھ تک بالکل مفت علاج کر سکتا ہے، دیگر صوبوں میں بھی 100 فیصد صحت کارڈ دیا جائیگا،ہمیں من حیث القوم اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سیاست سے بالا تر ہو کر سوچنے کی ضرورت ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے باچا خان میڈیکل کمپلیکس صوابی میں ڈائیلاسز سینٹر کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،خیبر پختونخواہ پہلا صوبہ ہے جہاں100 فیصد آبادی کو ہیلتھ انشورنس دیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ باچا خان میڈیکل کمپلیکس صوابی صوبے کا 12 واں ایم ٹی آئی ہسپتال ہے، خیبر پختونخوا کا ہر شہری 10 لاکھ تک بالکل مفت علاج کر سکتا ہے، دیگر صوبوں میں بھی 100 فیصد صحت کارڈ دیا جائے گا۔
انہوںنے کہاکہ صوابی میں گردوں کے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا تھا، صوابی کے مریضوں بھی اب اپنے ضلع میں ڈائیلاسز کروا سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں جلد مزید سہولیات فراہم کی جائیں گئیں، 14 اگست تجدید عہد کا دن ہے۔ اسد قیصر نے کہاکہ ملک خداداد پاکستان ہمارے آباؤاجداد کی عظیم قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے، ہمیں من حیث القوم اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سیاست سے بالا تر ہو کر سوچنے کی ضرورت ہے۔
انہوںنے کہاکہ آزادی کی عظیم نعمت پر ہم اپنے رب کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے، آج کا دن ہمیں اپنے عظیم رہنما قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کی سوچ، فکر اور نظرئیے پاکستان کی یاد دلاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ آج کے دن ہم عہد کریں کہ اپنی استطاعت کے مطابق ملک کی ترقی کیلئے کام کر کریں گے، عوام سے التماس ہے کہ شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لیں۔