کراچی (رپورٹنگ آن لائن)تاجر رہنمائوں نے کاروبار کے اوقات کارکی پابندی اور ہفتہ وار 2 روز کی تعطیل کو مسترد کرتے ہوئے اس فیصلے کو فوری طورپر واپس لینے کا مطالبہ کر د یا۔تفصیلات کے مطابق کراچی سندھ تاجر اتحاد الیکٹرونکس اینڈ موٹر سائیکل ڈیلر الائنس کے چیئرمین شیخ حبیب نے گزشتہ روزکراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اب تک کورونا وباکے دوران تاجروں کو کسی قسم کا کوئی ریلیف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے جب کہ تاجر پچھلے 15 ماہ سے حکومت سے مکمل تعاون کرتے آرہے ہیں لیکن لگتا ہے کہ حکومت کو تاجروں کے معاشی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ شیخ حبیب نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کو فوری طور پر آسان شرائط پر بلاسود قرضے فراہم کرے ،ہر قسم کے ٹیکس سے چھوٹ کا اعلان کیا جائے اور تمام یوٹیلیٹی بلز6 ماہ تک کے لیے معاف کردیے جائیں۔ شیخ حبیب نے مزید کہا کہ دکانوں کو سیل کرنے اور ناجائز جرمانوں کے سلسلے کو فوری طور پر روکا جائے اور دکانداروں کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ نہ اپنایا جائے۔
شیخ حبیب نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پولیس اور اسسٹنٹ کمشنرز کی تاجروں کے ساتھ بدسلوکی کا فوری نوٹس لین تا کہ یہ سلسلہ بند کیا جاسکے۔ شیخ حبیب نے سندھ حکومت کے کورونا سے متعلق کیے گئے اقدامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے تاجر کورونا ایس او پیز کے نام پر کیے جانے والے اقدامات کو یکسر مسترد کرتے ہیں اور حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر کاروباری اوقات کار کی پابندی اور ہفتہ وار 2 روز کی تعطیل کا فیصلہ واپس لیاجائے اور اسے فوری طور پر ختم کیا جائے۔