اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت بین الاقوامی شراکت داروں کیساتھ ملکر حیاتیاتی تنوع کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی کوششوں کو مضبوط بنا رہی ہے،خطرے سے دوچار جنگلی جانوروں کے حوالے سے بین الاقوامی تجارت کے کنونشن پر دستخط کرنے سے جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت کے خلاف قانون سازی کو تقویت ملتی ہے۔
پیرکوجنگلی حیات کے عالمی دن 2025 کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہاکہ جنگلی حیات کا عالمی دن انسانیت اور فطرت کے درمیان تعلق کی ایک یاد دہانی کے طور پر منایا جاتا ہے، یہ دن ہمیں یہ بھی یاد دلاتا ہے کی ہم غیر معمولی جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داری پر غور کریں جو ہماری زندگیوں اور ماحولیاتی نظام کو تقویت بخشتی ہے۔
انہوںنے کہاکہ ہمالیہ کے برفانی چیتے سے لے کر خطرے سے دوچار دریائے سندھ کی ڈولفن اور بحیرہ عرب کی شاندار وہیل شارک تک، پاکستان کو مسحور کن حیاتیاتی تنوع سے نوازا گیا ہے، یہ انواع صرف ہمارے قدرتی ورثے کا حصہ نہیں ہیں بلکہ یہ جاندار ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے اور ہمارے ماحول اور معیشت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اس سال جنگلی حیات کے عالمی دن کا تھیم وائلڈ لائف کنزرویشن فنانس،لوگوں اور اپنے سیارے زمین میں سرمایہ کاری صحت مند ماحولیاتی نظام، پائیدار معیشتوں اور انسانی بہبود کو برقرار رکھنے میں جنگلی حیات کے ناگزیر کردار کو تسلیم کرتے ہوئے جنگلی حیات کی نسلوں کے تحفظ کے لیے جدید مالیاتی طریقہ کار کی اہم ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔
انہوںنے کہاکہ اپنے لوگوں اور کرہ ارض دونوں کے لیے پائیدار مستقبل میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے ہمارا گرین پاکستان پروگرام مقامی کمیونٹیز کو معاشی مواقع فراہم کرتا ہے جو غیر قانونی شکار اور رہائش گاہوں کی تباہی کو روکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ خطرے سے دوچار جنگلی جانوروں کے حوالے سے بین الاقوامی تجارت کے کنونشن (CITES) پر دستخط کرنے سے جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت کے خلاف قانون سازی کو تقویت ملتی ہے۔
مزید برآں، اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ (IWMB)، وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ کاری کے تحت، زخمی، یتیم اور جبر و زیادتی کا شکار جانوروں کی بحالی کے لیے وائلڈ لائف ریسکیو سینٹر قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد انہیں جنگلی میں دوبارہ شامل کرنا یا ان کی مخصوص ضروریات کو پورا کرنے والی پناہ گاہوں میں جگہ دینا ہے۔
انہوںنے کہاکہ ہماری حکومت مقامی کمیونٹیز، ماحول کے تحفظ کرنے والوں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر حیاتیاتی تنوع کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی کوششوں کو مضبوط بنا رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ آئیے پاکستان کی خوبصورت جنگلی حیات کی بہتری کے لئے مل کر کام کریں اور عالمی برادری کے ایک فرض شناس رکن کے طور پر اپنی ذمہ داری پوری کریں۔