اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان بچیوں کے حقوق کے تحفظ، ان کی تعلیم، صحت، تحفظ اور مساوی مواقع کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے تاکہ وہ اپنی مکمل صلاحیتوں کے ساتھ ترقی کے عمل میں شریک ہو سکیں،بچیاں تبدیلی کی محض نگران نہیں بلکہ اس کی اصل محرک ہیں۔
بچیوں کے عالمی دن 2025 کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بچیوں کے عالمی دن کے موقع پر ہم ان بچیوں کے حوصلے، عزم اور قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو اپنے اور اپنے معاشرے کے روشن مستقبل کی تشکیل میں موثر کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس سال کا عنوان ”میں وہ لڑکی ہوں، جو تبدیلی کی قیادت کرتی ہے” اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ بچیاں تبدیلی کی محض نگران نہیں بلکہ اس کی اصل محرک ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان بچیوں کے حقوق کے تحفظ، ان کی تعلیم، صحت، تحفظ اور مساوی مواقع کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے تاکہ وہ اپنی مکمل صلاحیتوں کے ساتھ ترقی کے عمل میں شریک ہو سکیں۔انہوں نے دعوت دی کہ آئیے، ہم اس دن اس عہد کی تجدید کریں کہ پاکستان کو ایسا ملک بنائیں جہاں ہر بچی محفوظ، معزز اور بااختیار ہو اور اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل کر قوم کی ترقی و خوشحالی میں موثر حصہ ڈال سکے۔