اشرف بھٹی

حکومت اربوں روپے ٹیکس دینے والے تاجروں کے کسی مطالبے کو زیر غور نہیں لاتی ‘اشرف بھٹی

لاہور(ر پورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت اربوں روپے ٹیکس دینے والے تاجروں کے کسی مطالبے کو زیر غور نہیں لاتی بلکہ شدید مشکلات سے دوچار تاجر وںپر مزید بوجھ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے ، ٹیکسز کے فریم ورک کے حوالے سے تاجروں کے خدشات شدید ہوتے جارہے ہیںجنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنے ایک بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ ٹیکس مشینری نئے ٹیکس گزاروں کو تلاش کرنے کی بجائے پہلے سے ٹیکس نیٹ میں شامل لوگوں کو شکنجے میں لانے پر توانائیاں صرف کر رہی ہے ،

حکومت سے مطالبہ ہے کہ ایف بی آر کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے اور انہیں نئے ٹیکس گزاروں کی تلاش کی ذمہ داری سونپی جائے تاکہ مجموعی ٹیکس آمدن میں اضافہ ہو سکے ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کا ایف بی آر کو گرفتاری کے اختیارات دینے کا فیصلہ دانشمندانہ نہیں اس سے خوف و ہراس کی فضا ء پید اہو گی جس سے کاروبار سر گرمیاں فروغ پانے کی بجائے سکڑ جائیں گی ۔