کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینزکی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہاہے کہ حکومت اب چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کو خفیہ رکھنے کی وکالت کر رہی ہے۔
بدھ کو جاری اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہاکہ حکومت سینٹ الیکشن میں شکست کے بعد دماغی توازن بھی کھو بیٹھی ہے،سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی واضح اکثریت ہے۔شبلی فراز نے سینیٹ چیئرمین کا الیکشن کچھ بھی کر کے جیتنے کی بات کی،حکومت اب چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کو سیکریٹ رکھنے کی وکالت کر رہی ہے۔ہم نے تو پہلے ہی کہا تھا کہ حکومت کو اپنے ہی اراکین پر اعتماد نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ سینیٹ کے بعد سید یوسف رضا گیلانی کی بطور سینیٹ چیئرمین کامیابی بھی عوام کی جیت ہوگی۔ عوام اس نااہل اور نالائق سلیکٹڈ ٹولے سے تنگ آچکے ہیں۔ روز ٹی وی پر ڈھٹائی سے مہنگائی اور بیروزگاری میں ریکارڈ اضافے کا دفاع کرنے والوں کو عوام مسترد کرتے ہیں۔