مسرت جمشید چیمہ

حکومتی کے منفی ہتھکنڈوں نے پی ٹی آئی کے احتجاج کو خود ہی کامیاب بنا دیا’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت کے منفی ہتھکنڈوں نے پی ٹی آئی کے احتجاج کو خود ہی کامیاب بنا دیا ہے ،دنیا کے کسی مہذب ملک میں پر امن احتجاج کو روکنے کیلئے اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال نہیں کئے جاتے جو فارم 47مارکہ حکمران ٹولہ کر رہا ہے ،موٹرویز اورجی ٹی روڈ کو بند کر دینے سے عمران خان کی قیادت میں جاری جدوجہد کے آگے بندھ نہیں باندھا جا سکتا،ظلم اور جبر کی تاریک رات جلد ختم ہوگی ۔

گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ساری قوم عمران خان کی جدوجہد کے شانہ بشانہ ہے اس لئے جعلی حکمران حواس باختہ ہو چکے ہیں ، ان کے چہروں کے رنگ زرد پڑے ہوئے ہیں جو اصل حالات کی خبر دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم عمران خان کے بیانیے کو اس لئے دل سے قبول کرتی ہے کیونکہ وہ ملک و قوم کی بات کرتا ہے ، وہ دہائیوں سے پسنے والے طبقات کو صرف اپنے اور اپنی اولادوں کیلئے سوچنے والے حکمرانوں سے چھٹکارا دلانا چاہتا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی تمام اداروں کا دل سے احترام کرتی ہے ، ہم نے ہمیشہ یہ بات کی ہے کہ ادارے آ ئین میں متعین کردہ اپنے کردار کے مطابق چلیں۔