لاہور(رپورٹنگ آن لائن)مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے حکومتی ارکان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام پر ایس او پیز پر عمل کرنے کا دباﺅ ڈال رہے ہیں، حکومتی وزرا خود پارٹیاں اور شادیاں انجوائے کر رہے ہیں۔پیر کوعظمی بخاری نے حکومتی ارکان کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فردوس عاشق اعوان نے کل پہلے دھمکیاں دیں، پھرجلسہ کیا اور رات کو شادی پر گئیں، خودیہ لوگ شادیاں دیکھ رہے ہیں، عوام پرشادی دیکھنے کی پابندی لگا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں سب سے زیادہ طبی عملہ کوروناوائرس سے متاثر ہوا، پنجاب کی 11کروڑ آبادی میں صرف چند لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی ہے، عام آدمی کو ایک ویکسین ڈوز نہیں مل سکی۔عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں طبی عملہ ویکسین نہ لگنے پر سراپا احتجاج ہے، چندے پر چلنے والی حکومت چین سے مفت میں ملی ویکسین عوام تک نہیں پہنچا سکی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو برس سے عمران حکومت کوروناوائرس، کورونا لاک ڈاﺅن اور اسمارٹ لاک ڈاﺅن کھیل رہی ہے، حکمرانوں کوکوروناوائرس کے نام پر اربوں ڈالرکی امداد ملی ہے۔