لاہور(رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران نے حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن اور کاروبار بند کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے تمام تاجر تنظیموں کے متفقہ فیصلے کے مطابق بازار اور مارکیٹیں کھلی رکھی جائیں گی ، تاجر بھوک سے مرنے کی بجائے مزاحمت کریں گے ۔
ان خیالات کا اظہارآل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے حکومت کے فیصلے کے خلاف بلائے گئے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر محبوب سرکی ، نعیم بادشاہ، خواجہ ندیم، حافظ عطاء الرحمان جٹ، شہزاد بھٹی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت کے فیصلے کے بعد تمام تاجر تنظیموں سے رابطے ہوئے ہیں اور متفقہ طور پر یہ طے کیا گیا ہے کہ عید الاضحی کے دنوں میں ہرگز کاروبار بند نہیں کرینگے اور معمول کے مطابق بازار اور مارکیٹیں کھولی جائیں گی ۔ حکومت کو پیشکش کر چکے ہیں کہ مارکیٹوں میں آ کر ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے لیکن حکومت نے ہماری درخواست پر غور کرنے کی بجائے کاروبار بند کرانے کا فیصلہ کر دیا ۔
اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجرو ں نے عید کے تہواروں پر کاروبار نہیں کرنا کب کرنا ہے ، حکومت یکطرفہ فیصلے معیشت کے لئے زہر قاتل ثابت ہو رہے ہیں جسے ہم تسلیم نہیں کرتے۔
حکومت جب چاہتی ہے بغیر کسی مشاورت کے کاروبار بند کرنے کا فیصلہ کردیتی ہے ، بتایا جائے کاروبار بند رکھ کر تاجر دکانوں کے کرائے اور عملے کی تنخواہوں کی ادائیگیاں کہاں سے کریں ۔انہوں نے کہا کہ تاجر کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے ، حکومتی اقدامات کے نتیجے میں لاکھوں لوگ بیروزگار ہو جائیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری فیصلے کرنے والوں پرعائد ہو گی ۔