شہباز شریف 36

حکومتی فیصلوں کی بدولت پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کیلئے مناسب مقدار موجود ہے، وزیراعظم

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومتی فیصلوں کی بدولت پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کیلئے مناسب مقدار موجود ہے،صوبائی حکومتیں موٹر سائیکلوں اور رکشہ مالکان کو رجسٹریشن انکے اپنے نام کروانے کیلئے تمام سہولیات فراہم کریں جبکہ اجلا س کے شرکاء نے اپیل کی ہے کہ عوام بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیں اور غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں، دفاتر و کام کی جگہوں پر ٹیلی کانفرینسنگ کو ترجیح دی جائےـوزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کیلئے جاری اقدامات کے نفاذ پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ حکومتی فیصلوں کی بدولت پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کیلئے مناسب مقدار موجود ہے۔

شہبازشریف نے کہاکہ حالیہ صورتحال میں عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی،جس قدر ممکن ہو سکا، گزشتہ تین ہفتوں میں عوام کو ریلیف فراہم کیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ تیل کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کیلئے وفاقی حکومت نے 125 ارب روپیہ کی خطیر رقم،مختلف بچتوں اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کرکے دی تاکہ عوام عالمی سطح پر کشیدگی کے براہ راست اثرات سے محفوظ رہیں۔ شرکاء نے کہاکہ عوام سے گزارش ہے کی بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیں اور غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں، دفاتر و کام کی جگہوں پر ٹیلی کانفرینسنگ کو ترجیح دی جائے۔ شہبازشریف نے کہاکہ صوبائی حکومتیں موٹر سائیکلوں اور رکشہ مالکان کو رجسٹریشن انکے اپنے نام کروانے کیلئے تمام سہولیات فراہم کریں،اس اقدام سے ملک بھر کے موٹر سائیکلوں اور رکشوں کا ڈیٹا ڈیجیٹائز ہو جائیگا اور انکے مالکان کو مستقبل میں حکومت کی طرف سے دئیے جانے والے ریلیف سے مستفید ہونے کا موقع ملے گا۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریوں کے ساتھ رابطے تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔اجلاس کو کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد اور پورے سپلائی چین کی با قاعدگی سے نگرانی کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں ایک ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بھی تیار کیا گیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اپریل کیلئے پیٹرول کی درآمد کا انتظام ہو چکا ہے۔اجلاس کو بتایاگیاکہ دیگر ممالک کے بر عکس پاکستان میں ایندھن کی فراہمی کے حوالے سے نہ تو لمبی قطاریں ہیں اور نہ ہی بد انتظامی ہے جو حکومت کے بہترین انتظام کو ثبوت ہے۔

بتایاگیا کہ بروقت حکومتی اقدامات کی بدولت ملک میں تیل کی صورتحال کو احسن طور سے مینیج کیا گیا ہے، موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ چلانے والوں کیلئے مجوزہ فیول سپورٹ پروگرام کیلئے تیار شدہ ایپ پر بھی بریفننگ دی گئی۔ویڈیو لنک اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار ، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، عطاء اللہ تارڑ ، ڈاکٹر مصدق ملک ، احسن اقبال ، شزا فاطمہ خواجہ، اویس خان لغاری، معاون خصوصی طارق باجوہ، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں